ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جنوبی کینرا اوراڈپی ضلع کوپی یو سی نتائج میں مسلسل پہلا اور دوسرا مقام۔ضلع شمالی کینرا کے طلباء کا نمایاں حصہ

جنوبی کینرا اوراڈپی ضلع کوپی یو سی نتائج میں مسلسل پہلا اور دوسرا مقام۔ضلع شمالی کینرا کے طلباء کا نمایاں حصہ

Thu, 03 May 2018 23:50:44    S.O. News Service

کاروار 3؍مئی (ایس او نیوز) گزشتہ سال کی طرح جنوبی کینرا اور اڈپی ضلع نے پی یو سی امتحانات میں اول اور دوم مقام امسال بھی برقرارکھاہے جبکہ ضلع شمالی کینرا اپنا سابقہ چوتھا مقام بچائے رکھنے میں کامیاب ہوا ہے۔

پڑوسی اضلاع کے مسلسل اول اور دوم مقام پر بنے رہنے کا اگر جائزہ لیاجائے تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ ضلع شمالی کینرا کے سیکڑوں طلباء ان دو ضلعوں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں اور ان کی صلاحیتوں کا پورافائدہ ان اضلاع کو مل رہا ہے اوروہ مسلسل پہلا اور دوسرامقام پانے میں کامیاب ہورہے ہیں۔یاد رہے کہ ضلع شمالی کینرا کو امسال پی یوسی کے نتائج میں 76.75%کے ساتھ چوتھا مقام ملا ہے۔جبکہ جنوبی کینرا کو 91.94%اور اڈپی کو90.76%کے ساتھ بالترتیب اول اور دوم مقام ملا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ اس طرح کی نمایاں کارکردگی دکھانے میں ان اضلاع کے سرکاری کالجوں کا حصہ بہت کم ہے اور غیر امدادی کالجوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔انہی غیر امدادی کالجوں میں ضلع شمالی کینرا کے سیکڑوں طلباء تعلیم حاصل کررہے ہیں۔اور ہرسال ایسے طلباء کی تعداد میں اضافہ ہوتاجارہا ہے۔گزشتہ سال اول مقام پر رہنے والے جنوبی کینرا میں پہلا رینک پانے والا طالب علم ضلع شمالی کینرا کا تھا۔اس طرح ضلع شمالی کینرا کے باصلاحیت طلباء کی وجہ سے ان اضلاع کو اول اور دوم مقام ملتا جارہا ہے جس کا کچھ نقصان ہمارے اپنے ضلع کو ہورہا ہے۔

جہاں بہترین کارکردگی سے ضلع جنوبی کینرا نے اول مقام حاصل کیا ہے ، اسی ضلع میں2 ایسے کالج بھی موجود ہیں جن کے نتائج صفر نکلے ہیں۔خیال رہے کہ اس بار ریاستی سطح پر 118کالجوں کے نتائج کا فیصد صفر آیا ہے ۔ ان میں جنوبی کینرا کے بنٹوال کا آدرش پی یو کالج اورپتور کا آراف کمپوزٹ کالج شامل ہے۔یہ دونوں غیر امدادی کالج ہیں۔

ضلع شمالی کینرا میں 2کالج ایسے ہیں جن کے نتائج صد فی صد آئے ہیں۔اس میں انکولہ کا سرکاری پی یو کالج اور منکی کا الہلال گرلز پی یو کالج شامل ہے۔ 
 


Share: